تلنگانہ کو مکمل خواندہ ریاست بنانے ایچ ون ،ٹیچ ون کی تائید

   

حیدرآباد /4 فروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی ( کور کمیٹی ) کے منعقدہ اجلاس میں ریاست تلنگانہ کو خواندہ ریاست میں تبدیل کرنے ریاستی حکومت کے اعلان کردہ پروگرام ’’ ایچ ون ٹیچ ون ‘‘ کی بھرپور تائید کرنے کا فیصلہ کیا اور اس پروگرام میں تمام ریٹائرڈ سرکاری ملازمین و اساتدہ ( پنشنرس ) سے سرگرم حصہ لینے کی پرزور اپیل کی ۔ صدرنشین تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر کے لکشمیا کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ریاستی گورنمنٹ پنشنرس فیڈریشن سے بھی حکومت کے مذکورہ پروگرام میں متحدہ طور پر سرگرم حصہ لینے کی پرزور خواہش کی گئی تاکہ متحدہ جدوجہد کے ذریعہ ریاست میں خواندگی کو فروغ دیتے ہوئے دیگر ریاستوں کے برابر ریاست تلنگانہ کو بھی خواندہ ریاست میں تبدیل کرسکیں ۔ اجلاس میں اس بات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست تلنگانہ کے 28 اضلاع میں خواندگی کی شرح دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں انتہائی کم پائی جاتی ہے ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاست کے ان اضلاع میں ناخواندگی کو دور کرکے خواندگی کو فروغ دینے کیلئے موثر و مثبت اقدامات کئے جانے کی شدید ضرورت ہے ۔