فوڈ پراسیسنگ یونٹ کا قیام حکومت کے زیر غور : کویتا
حیدرآباد۔11فبروری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کو ملاوٹی اور ناقص اشیاء پاک بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس جانب سنجیدہ اور سخت اقدامات کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ نظام آباد و تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی سرکردہ لیڈر کویتا نے کیا۔ وہ آج یہاں ہائی ٹیک سٹی شلپارامم میں منعقدہ خواتین کے ایک بڑے پروگرام کو مخاطب تھیں ۔ ویمن آف انڈیا آرگنانک فیسٹول کے اختتامی اجلاس میں انہوں نے شرکت کی ۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے محکمہ بہبود خواتین و اطفال کے باہمی تعاون سے اس فیسٹول کا انعقاد عمل لایا گیا تھا ۔ ایم پی کویتا نے حیدرآباد میں اس پروگرام کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ملاوٹی اور نقلی اشیاء کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بغیر ملاوٹی اشیاء کو عام کرنے کیلئے فوڈ پراسیسنگ یونٹ کے قیام پر غور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کسانوں کی ترقی کیلئے منصوبہ کو چیف منسٹر تلنگانہ سے رجوع کیا جائے گا ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں اس بات پر چرچہ ہورہی ہے اور غور و فکر جاری ہے کہ انسانی صحت کو تباہ کرنے والی ملاوٹی اشیاء پر کس طرح روک لگائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تغذیہ بخش کیلئے ہر دن ایک ٹیکنیک اور ٹکنیکل ایجاد صحت کے متعلق ہر دن نئے مشورے پریشانی کا باعث ثابت ہورہے ہیں ۔ لہذا حالات کو دیکھتے ہوئے اس کا بہترین بدل صرف زمینی زرعی پیداوار ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کے ذریعہ تغذیہ بخش غذا کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ تاہم انہوں نے زرعی پیداوار کو تجارت کی غرض سے نہیں بلکہ کسانوں کی مدد کے طور پر فروغ دیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے سے ہی ملاوٹی اشیاء کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے گذشتہ پانچ دنوں سے جاری اس کامیاب فیسٹول کے انعقاد میںاپنا رول ادا کرنے والے تلنگانہ کے محکمہ بہبود خواتین و اطفال کو مبارکباد پیش کی ۔