تمام اقسام کے ٹیکس سے 68,823 کروڑ روپئے وصول ، کاگ رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : جاریہ مالیاتی سال کے چار مہینوں میں ریاست کی آمدنی 74,955 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ بجٹ میں تخمینہ کیا گیا جملہ آمدنی 2,84,837 کروڑ روپئے میں یہ 26.32 فیصد ہے گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 26.01 فیصد آمدنی ہوئی تھی ۔ اس مرتبہ 0.31 فیصد آمدنی میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس سلسلہ میں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل ( سی اے جی ) نے ریاست کی آمدنی اور اخراجات پر جولائی کی رپورٹ جاری کی ۔ جس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ اپریل سے جولائی تک 74,955 کروڑ روپئے جمع ہوئے ہیں ۔ اس میں ریاستی حکومت کے حاصل کئے گئے قرض کے ذریعہ 24,669 کروڑ روپئے جمع ہوئے حکومت نے بجٹ میں تجویز کردہ 54,009 کروڑ روپئے میں جولائی تک 45.68 فیصد ( 24,669 کروڑ ) روپئے قرض حاصل کیا ۔ اس کے علاوہ ٹیکس کی شکل میں 48,145 کروڑ نان ٹیکس کے ذریعہ 1334 کروڑ روپئے وصول ہوئے ۔ مرکز کے گرانٹس ، کنٹری بیوشن کے ذریعہ 790 کروڑ روپئے وصول ہوئے اشیاء اور خدمات ٹیکس ( جی ایس ٹی ) کے ذریعہ 16,882 کروڑ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے تحت 5,067 کروڑ سیل ٹیکس کے تحت 11,368 کروڑ ریاستی اکسائز ڈیوٹی کے تحت 6,347 کروڑ مرکزی ٹیکس حصہ داری کے تحت 5899 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ۔ جولائی تک تمام مد کے تحت 68,823 کروڑ روپئے وصول ہوئے ۔ اس میں اسکیمات کیلئے 24,176 کروڑ روپئے سود کی ادائیگی کے لیے 9,355 کروڑ روپئے ملازمین کی تنخواہوں پر 15,961 کروڑ روپنشن کیلئے 6,149 کروڑ سبسیڈی کیلئے 7,191 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔۔ 2