احتیاطی تدابیر واحد حل، ریاستی وزیر ہریش رائو کا تاثر
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے مختلف آبپاشی پراجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ سدی پیٹ ضلع کے ملنا ساگر، کپاس پلی، گنڈی پلی ذخائر آب اور دیگر کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ سدی پیٹ اور دوباک اسمبلی حلقوں میں جاری آبپاشی کاموں کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی گئی۔ ہریش رائو نے عہدیداروں سے کہا کہ آبپاشی کے کام عہدیداروں کی مرضی سے زیادہ عوام کی سہولت کے عین مطابق ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی اور آبپاشی کی ضرورتوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی ذخائر آب اور نہروں کا کام جاری ہے وہاں اگر درمیان میں سڑکیں آتی ہیں تو اوور برج تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے آبپاشی کام مقررہ مدت کے درمیان مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ہریش رائو نے کہا کہ تلنگانہ کو کورونا سے نجات دلانے کے لیے چیف منسٹر نے لاک ڈائون میں 7 مئی تک توسیع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا کوئی علاج نہیں ہے اور صرف احتیاطی تدابیر سے بچائو ممکن ہے۔ ایسے ممالک جنہوں نے احتیاطی تدابیر میں تساہل کیا بھاری جانی نقصانات کا سامنا کررہے ہیں۔
