اکسائز کے عہدیداروں کو بہتر خدمات کیلئے وزیر سرینواس گوڑ کا مشورہ
حیدرآباد۔5۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر سیاحت و اکسائز وی سرینواس گوڑ نے کہا کہ عنقریب محکمہ اکسائز کے عہدیداروں اور ملازمین کی ترقی اور تبادلوں کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے محکمہ اکسائز کے عہدیداروں اور ملازمین سے کہا کہ وہ بہتر خدمات کے ذریعہ محکمہ کا نام روشن کریں۔ سرینواس گوڑ نے تلنگانہ پروہبیشن اینڈ اکسائز گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی جانب سے شائع کردہ سال نو کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر تلنگانہ کو گڑمبہ اور گانجہ سے نجات دلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اکسائز ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ گڑمبہ اور گانجہ کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ ریاست کو اس لعنت سے نجات حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کے تعاون سے تلنگانہ میں منشیات کی فروخت اور منتقلی کے خلاف مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں چوکسی اختیار کرتے ہوئے دیگر ریاستوں سے گانجہ اور منشیات کی منتقلی کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی ، پی نریندر ریڈی ، تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اے ستیہ نارائنا ، خازن پی رویندر کمار گوڑ ، اسوسی ایشن کے صدر رویندر راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر