تلنگانہ کیلئے حج 2024 کی اضافی ویٹنگ لسٹ کی منظوری

   

حیدرآباد۔/7مئی، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے مزید ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی نے سرکولر جاری کرتے ہوئے 10 ریاستوں کیلئے ویٹنگ لسٹ کی منظوری کا اعلان کیا۔ تلنگانہ میں 1725 تا 1970 ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی گئی۔ ٹاملناڈو، منی پور، مہاراشٹرا ، مدھیہ پردیش، کیرالا، کرناٹک، گجرات، دہلی اور چھتیس گڑھ کیلئے بھی ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی گئی۔ ویٹنگ لسٹ میں منظورہ عازمین حج کو اپنے متعلقہ امبارکیشن پوائنٹ کیلئے طئے شدہ سفری اخراجات کی مکمل رقم جمع کرانی ہوگی۔ یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، نیٹ بینکنگ یا یو پی آئی کے ذریعہ جمع کرائی جاسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں رقم جمع کرنے کی سہولت موجود ہے۔ رقم کی ادائیگی کے بعد عازمین کو 14 مئی تک پے سلپ، حج اپلیکیشن فارم، ڈیکلریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ انٹرنیشنل پاسپورٹ ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔ ریاستی حج کمیٹی پاسپورٹ اور دیگر تفصیلات 16 مئیی تک حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کردے گی۔ 1