تلنگانہ کیلئے سعودی ایرلائنس کی خدمات فراہم کرنے کی اپیل

   

حج کمیٹی کی سالانہ کانفرنس میں بی شفیع اللہ کی تقریر
حیدرآباد۔ 26ستمبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا کی سالانہ کانفرنس میں تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کے لیے آئندہ سال ایر انڈیا کی خدمات کے بجائے سعودی ایرلائنس کا انتظام کرنے کی اپیل کی۔ صدرنشین مسیح اللہ خان اور ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے ایرانڈیا کی خدمات کے سبب عازمین حج کو پیش آئی دشواریوں کا ذکر کیا۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ حجاج کرام کو مدینہ منورہ سے واپسی کے سلسلہ میں کافی دشواریاں پیش آئیں۔ کئی گھنٹوں تک انتظار کی سہولت برداشت کرنی پڑی۔ ایرانڈیا کی پروازیں تاخیر سے چلائی گئیں اور حجاج کرام کو ایرپورٹ پر انتظار کرنا پڑا۔ انہیں کھانا اور پانی سربراہ نہیں کیا گیا۔ شفیع اللہ نے کہا کہ ایرانڈیا کو چاہئے تھا کہ وہ مدینہ منورہ میں احتیاطاً چند عمارتوں کو کرایہ پر حاصل کرتیں تاکہ فلائٹس کی تاخیر کی صورت میں حجاج اکرام کو قیام کی سہولت فراہم ہو۔ انہوں نے حج 2020ء کے موثر انتظامات کے لیے حج کمیٹیوں کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں بہتر طبی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ ایک ہندوستانی حاجی صاحب کا انتقال محض اس وجہ سے ہوا کہ انہیں دوسرے مریض کا ماسک لگادیا گیا تھا۔ انہوں نے سعودی عرب میں انڈین حج مشن کے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کے سفر کی مدت کو 20 دن مقرر کرنے کا مشورہ دیا۔ شفیع اللہ نے کہا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ 5 ریاستوں کے عازمین کی خدمت کے ذریعہ کامیاب ثابت ہوا ہے۔ ہر سال عازمین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی نے 8300 سے زائد عازمین حج کی خدمت کی ہے۔ کانفرنس میں سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید، کونسل جنرل جدہ نورالرحمن شیخ، ڈائرکٹر حج وزارت اقلیتی بہبود نظام الدین، مقصود احمد خان چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا اور دوسروں نے شرکت کی۔