تلنگانہ کیلئے مرکز سے دو ہزار الیکٹرک بسوں کی منظوری: پونم پربھاکر

   

حیدرآباد کو کلین اینڈ گرین سٹی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ، عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد 31 اکتوبر (سیاست نیوز)وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے حکومت الیکٹرک بسوں میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم ای ڈرائیو اسکیم کے تحت مرکز نے تلنگانہ کو جو الیکٹرک بسوں کی منظوری دی ، اس پر پونم پربھاکر نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اسپیشل سکریٹری ٹرانسپورٹ وکاس راج اور مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی ناگی ریڈی و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد کو کلین اینڈ گرین سٹی میں تبدیل کرنے ڈیزل بسوں کی جگہ آلودگی سے پاک الیکٹرک بسوں کو متعارف کیا جارہا ہے۔ ملک بھر میں پرائم منسٹری ای ڈرائیو اسکیم کے تحت 9 شہروں کیلئے 15,000 الیکٹرک بسوں کی مرکز نے منظوری دی ہے۔ تلنگانہ میں حیدرآباد شہر کیلئے 2000 برسوں کی منظوری دی گئی ۔ مرکز کی سبسیڈی کے تحت ایک بس کیلئے 35 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ مرکزی حکومت نے الیکٹرک بسوں کی سربراہی کیلئے 6 نومبر کو ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کو چلانے سہولتوں کیلئے حکام کو تیار رہنے ہدایت دی گئی ہے۔ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ 2 وہیلر ، 3 وہیلر ، 4 وہیلر گاڑیوں و بسوں ، ٹرکس اور دیگر ہیوی وہیکلس کو آلودگی سے پاک بنانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے الیکٹرک وہیکل پالیسی تیار کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں 1010 الیکٹرک بسوں کو متعارف کیا گیا جن میں 510 انٹر سٹی اور 500 سٹی بس شامل ہیں۔ آر ٹی سی میں فی الوقت 775 الیکٹرک بسیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ تلنگانہ کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔1