تلنگانہ کیلئے مزید 800 الیکٹرک بسوں کی منظوری کی درخواست

,

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مرکزی وزیر ایچ ڈی کمار سوامی سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر بھاری صنعت ایچ ڈی کمار سوامی سے ملاقات کی اور حیدرآباد کے لئے مزید 800 الیکٹرک بسوں کو مختص کرنے کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکز نے حال ہی میں حیدرآباد کے لئے 2000 الیکٹرک بسوں کی منظوری دی ہے لیکن حیدرآباد کی شہری ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزید 800 بسوں کی منظوری دی جائے۔ پردھان منتری ای ڈرائیو اسکیم کے تحت بسوں کی منظوری کی درخواست کی گئی۔ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر کو تجویز پیش کی کہ آر ٹی سی ڈرائیورس اور میکانکس کے ذریعہ بسوں کی نگہداشت کے لئے ہائیبریڈ جی سی ماڈل پر غور کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ آر ٹی سی نے ڈیزل بسوں کو مرحلہ وار طور پر الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ تجربہ کامیاب رہا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں ڈیزل کی بجائے الیٹکرک بسوں کو چلانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ ماحولیات تحفظ ممکن ہو۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ ڈیزل بسوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کے لئے ریٹرو فیٹنگ طریقہ کار کا استعمال کیا جائے۔ کمار سوامی نے چیف منسٹر کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں عہدیداروں سے بات چیت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر چیف سکریٹری تلنگانہ رام کرشنا راؤ اور بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی موجود تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم ان کی جانب سے پیش کردہ نمائندگی پر مثبت ردعمل ظاہر کریں گے اور تلنگانہ پراجکٹس کے لئے فنڈس جاری کئے جائیں گے۔ 1