پی ایم کیر فنڈ سے امداد، ملک بھر کیلئے 162 پراجکٹس کا منصوبہ
حیدرآباد: مرکزی حکومت نے پرائم منسٹر کیرس فنڈ ٹرسٹ کے ذریعہ تلنگانہ کیلئے پانچ میڈیکل آکسیجن جنریشن پلانٹس کی منظوری دی ہے۔ یہ پلانٹس ملک بھر میں قائم کئے جانے والے 162 پراجکٹس کا حصہ ہے جس کے تحت عوامی شعبہ میں طبی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا ۔ پی ایم کیر کے تحت اس پراجکٹ پر 201.58 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ مرکزی وزارت صحت کے تحت موجود سنٹرل میڈیکل سپلائی اسٹور کی نگرانی میں یہ پلانٹس قائم کئے جائیں گے ۔ 32 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 154.19 میٹرک ٹن گنجائش کے 162 پلانٹس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ سربراہی اور قیام کے سلسلہ میں پراجکٹ کی مالیت 173.33 کروڑ ہوگی اور سالانہ مینٹننس کنٹراکٹ پر 64.25 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ مجوزہ پلانٹس سے آکسیجن کی ضرورتوں کی تکمیل میں مدد ملے گی ۔ خاص طور پر کورونا اور دیگر وباؤں کے دوران عوامی شعبہ میں بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں گی۔ تلنگانہ حکومت نے اگست سے ریاست میں آکسیجن پلانٹس کے قیام کی مساعی کی تھی۔ اگست میں کورونا کیسس کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا تھا اور حکومت نے سرکاری ہاسپٹلس میں آکسیجن کی کمی سے نمٹنے کیلئے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے احاطہ میں لکویڈ آکسیجن ٹینکس کا قیام عمل میں لایا تھا۔ گاندھی ہاسپٹل اور نمس میں پہلے سے میڈیکل گیس ٹینکس موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کی سہولتیں ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل ، کنگ کوٹھی ہاسپٹل ، سروجنی دیوی ہاسپٹل ، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، فیور ہاسپٹل ، چیسٹ ہاسپٹل اور تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں فراہم کی جائیں گی۔