تلنگانہ کیلئے چیف جسٹس رمنا کا تعاون ناقابل فراموش: کے سی آر

   

ہائی کورٹ ججس کیلئے رہائشی کوارٹرس کی تعمیر، عدالتوں کیلئے اضافی جائیدادوں کی منظوری
حیدرآباد۔15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد میں اضافہ پر چیف جسٹس سپریم کورٹ این وی رمنا سے اظہار تشکر کیا۔ جوڈیشل آفیسرس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ فینانشل ڈسٹرکٹ درگم چیروو کے قریب 30 تا 42 ایکر اراضی پر ہائی کورٹ کے 42 ججس کیلئے رہائشی کوارٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی خواہش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست جو 8 سال قبل وجود میں آئی ہے، تمام شعبہ جات کے تعاون سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بند معاشی منصوبے کے تحت تلنگانہ میں ہر شعبہ ترقی کر رہا ہے۔ برقی کے شعبہ میں تلنگانہ میں غیر معمولی پیشرفت کی ہے اور تلنگانہ ریاست برقی کے شعبہ میں خود مکتفی ہوچکی ہے۔ زراعت اور صنعت کے شعبہ میں دیگر ریاستوں سے بہتر مظاہرہ تلنگانہ کا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے اعداد شمار کے مطابق تلنگانہ میں انفرادی آمدنی کی شرح 2.7 لاکھ ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جسٹس این وی رمنا کو حیدرآباد سے کافی محبت اور عقیدت ہے ۔ وہ طویل عرصہ تک حیدرآباد میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ہائی کورٹ کی تقسیم کے بعد تلنگانہ حکومت نے ججس کی تعداد میں اضافہ کیلئے مرکز سے نمائندگی کی تھی لیکن یہ معاملہ زیر التواء تھا ۔ چیف جسٹس رمنا کی مساعی سے ججس کی تعداد 24 سے بڑھ کر 42 ہوچکی ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ محکمہ قانون کے تحت 780 جائیدادیں منظور کی گئی ہیں۔ ہائی کورٹ کے لئے 885 اضافی جائیدادیں منظور کی گئیں۔ ضلع کورٹس کے لئے حکومت نے 1730 جائیدادوں کی منظوری دی۔ چیف منسٹر نے ایک کروڑ 52 لاکھ ایکر اراضی کی تفصیلات ڈیجیٹلائیز کرنے اور دیگر اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ ر