تلنگانہ کیلئے 6 نئے ایرپورٹس منظور کرنے پر زور

   


لوک سبھا میں بجٹ مباحث ، ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ ناماناگیشور راؤ کا خطاب

حیدرآباد : ٹی آر ایس کے پارلیمانی قائد ناما ناگیشور راؤ نے تلنگانہ کیلئے 6 نئے ایرپورٹس منظور کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں بجٹ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ بزنس سرگرمیوں کو مزید تیزی پروان چڑھانے کیلئے ریاست تلنگانہ میں 6 ایرپورٹس منظور کرنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے تجاویز وزارت شہری ہوا بازی اور مرکزی حکومت کو روانہ کی گئی ہیں ایک سے زائد مرتبہ مرکزی حکومت سے نمائندگی بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کی اسکیمات کے فنڈز میں اضافہ کرنے کا مرکز پر زور دیا۔ ساتھ ہی ٹی آر ایس کے پارلیمانی قائد نے حیدرآباد میں وئیرالوجی لیاب قائم کرنے کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کا بھی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ ورنگل کاکتیہ میگا ٹیکسٹائیل پارک کو مرکز کی جانب سے متعارف کردہ میگا ٹیکسٹائیل سسٹم میں شامل کرنے کی اپیل کی۔ ناما ناگیشور راؤ نے 993.65 کروڑ روپئے کے مصارف سے سرسلہ میں میگا پاورلوم کلسٹر منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ مشین بھاگیرتا، مشین کاکتیہ اسکیمات کیلئے نیتی آیوگ کے سفارش کردہ فنڈز جاری کرنے اور تقسیم ریاست کے بل میں کئے گئے وعدے کے مطابق ورنگل کے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری اور قبائیلی یونیورسٹی کا فوری قیام عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔
اے پی کے اننت پور میں درجہ حرارت13.5ڈگری درج
حیدرآباد: تلنگانہ کے ڈنڈیگل میں اقل ترین درجہ حرارت 14.6ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی۔اپنے بلیٹن میں اس نے کہا کہ اے پی کے رائل سیما کے آروگیہ ورم اور اننت پور میں اقل ترین درجہ حرارت 13.5ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔تلنگانہ کے ضلع میدک میں اقل ترین درجہ حرارت15ڈگری سلسیس درج کیاگیا جبکہ شہر حیدرآباد میں 16.9ڈگری سلسیس درجہ حرارت درج کیاگیا۔اس بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات پر کہر کا امکان ہے ۔
اس بلیٹن میں مزید کہا گیا کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران تلنگانہ،ساحلی اے پی،یانم اور رائل سیما میں موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔