وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کی مرکزی وزیر تھاور چند گہلوٹ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف تھاور چند گہلوٹ سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے مختلف مسائل کے سلسلہ میں یادداشت پیش کی۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست میں جاری مختلف فلاحی پروگراموں سے مرکز ی وزیر کو واقف کرایا۔ کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں درج فہرست طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگرام جاری ہیں جس میں بہتری کیلئے مرکز کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 238 سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول قائم کئے گئے جہاں طلبہ کو معیاری تعلیم کا انتظام ہے۔ مفت رہائش کی سہولت کے ساتھ کارپوریٹ طرز کے اداروںکی طرح تعلیمی موا قع فراہم کئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر نے تلنگانہ کی اسکیمات میں ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی ، راملو ، سرینواس ریڈی کے علاوہ سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا اور تلنگانہ سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری آر ایس پراوین کمار موجود تھے۔