وقف بورڈ رکن منتخب ہونے کے بعد جناب فاروق حسین کی درگاہ یوسفین پر حاضری ‘ چادر گل پیش کی
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) نومنتخبہ رکن تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد فاروق حسین ایم ایل سی نے آج درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی پہنچ کر زیارت کی اور چادر گل پیش کی ۔ جناب محمد فاروق حسین نے قانون ساز کونسل زمرہ میں رکن وقف بورڈمنتخب کئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ درگاہ حضرات یوسفین ؒ پہنچ کر زیارت کی اور درگاہ میں موجود ذمہ داروں سے ملاقات کی ۔ انہو ںنے میڈیا سے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں اللہ رب العزت نے انہیںڈاکٹر راج شیکھر ریڈی حکومت میں صدرنشین اقلیتی مالیتی کارپوریشن کی حیثیت سے اقلیتوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا تھا اور اس کے بعد متحدہ آندھرا کے آخری چیف منسٹر کمار ریڈی کے دور حکومت میں انہیں رکن کونسل نامزدکیا گیا ۔ قیام تلنگانہ کے بعد وہ مسلسل اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کی فلاح وبہبود کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں سرگرم عمل ہیں۔ جناب محمدفاروق حسین نے بتایا کہ چیف منسٹر کی جانب سے وقف بورڈ رکن کی حیثیت سے ان کا انتخاب حکومت اور چیف منسٹر کا ان پر اعتماد ہے اور وہ اس کو برقرار رکھتے ہوئے تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور قانونی مسائل کے علاوہ حکومت کے ساتھ جاری تنازعات کو حکومت کے علم میں لاکر انہیں حل کروانے کی کوشش کریں گے۔ انہو ںنے حکومت اور چیف منسٹر کو سیکولر اور اقلیتوں کے ہمدرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کے مسائل کے حل میں حکومت کی سنجیدگی پر کوئی شبہ نہیں کیا جاسکتا ۔ حکومت سے ان تمام مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو حکومت کے علم میں لائے جاتے ہیں ۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات واسکیمات پر مؤثر عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ سنہرے تلنگانہ کا جو وعدہ کیا گیا تھا اس کو تمام طبقات کی یکساں ترقی کے ذریعہ پورا کیا جاسکے۔ جناب محمد فاروق حسین نے وقف بورڈ کے دیگر منتخبہ ارکان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ وہ بورڈ کے تجربہ کار ارکان اور نومنتخبہ ارکان کے تعاون سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں منصفانہ و دیانتدارانہ کردار اداکرکے صیانت اوقاف کے معاملہ میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔م