حیدرآباد 13 مارچ ( این ایس ایس ) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے آج کہا کہ ریاستی حکومت اوور سیز اسکالر شپ اسکیم پر عمل کر رہی ہے جس کے تحت ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی طبقات کے قابل طلبا کو اسکالرشپ دی جا رہی ہے جبکہ ایسا ملک کی کسی ریاست میں نہیں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اہل قرار پانے والے طلبا کو 20 لاکھ روپئے کی معاشی مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔ پہلے یہ اسکیم پانچ ممالک جیسے امریکہ ‘ برطانیہ ‘ کناڈا ‘ آسٹریلیا اور سنگاپور کیلئے محدود تھی تاہم اب ان ممالک کی تعداد کو دس کردیا گیا ہے اور فرانس ‘ جرمنی ‘جنوبی کوریا ‘ جاپان اور نیوزی لینڈ میں بھی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو یہ مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت نے مختلف برادریوں کی خواتین کو بھی تحفظات فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک 1685 طلبا کو فائدہ ہوا ہے اور اس اسکیم پر اب تک جملہ 230 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اس اسکیم کے فنڈز میں اضافہ کی فی الحال کوئی تجویز نہیں ہے ۔