چیف منسٹرریونت ریڈی نے افتتاح کیا، خاتون وزراء اور ارکان اسمبلی کو اندراماں ساڑیاں پہننے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست کی ایک کروڑ خواتین میں ایک کروڑ ساڑیوں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا۔ سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر چیف منسٹر نے نکلس روڈ پر واقع اندرا گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم کا آغاز کیا۔ ویمن امپاورمنٹ کے تحت حکومت نے غریب اور مستحق ایک کروڑ خواتین کو معیاری ساڑیوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء ڈی انوسویا سیتکا، کونڈا سریکھا، پی سرینواس ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پونم پربھاکر، دامودر راج نرسمہا، وی سری ہری، ویویک وینکٹ سوامی، میئر حیدرآباد وجئے لکشمی کے علاوہ عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے جس پر دو مراحل میں عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں دیہی علاقوں کی خواتین میں اندراماں ساڑیاں تقسیم کی جائیں گی اور 9 ڈسمبر کو تلنگانہ تلی مجسمہ کی تنصیب کے دن پہلا مرحلہ مکمل ہوگا۔ شہری علاقوں کی خواتین میں یکم مارچ سے 8 مارچ م تک بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر 65 لاکھ ساڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ کے ہینڈلوم ورکرس کو ساڑیوں کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے اور ایک کروڑ ساڑیوں کی تیاری میں وقت لگ سکتا ہے لہذا پہلے مرحلہ میں دیہی علاقوں کی خواتین میں تقسیم عمل میں آئے گی۔ چیف منسٹر نے خاتون وزراء اور خاتون ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ اندراماں ساڑیاں زیب تن کرتے ہوئے اسکیم کے برانڈ ایمبیسڈرس کا رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ارکان اسمبلی کو اندراماں ساڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے خواتین کی عزت نفس کا ثبوت دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی سے متاثر ہوکر یہ اسکیم شروع کی گئی اور حکومت نے خواتین کی بھلائی اور ترقی کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں۔ پٹرول پمپس کے قیام میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ آر ٹی سی کے لئے سیلف ہیلپ گروپس سے ایک ہزار بسیں لیز پر حاصل کی جائیں گی۔ اندراماں ہاوزنگ مکانات خواتین کے نام پر منظور کئے جارہے ہیں۔ حکومت ایک کروڑ خواتین کو لکھ پتی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ملک کے لئے آنجہانی اندرا گاندھی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات کی تکمیل کرتے ہوئے انہوں نے بینکوں کو قومیانے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ اگریکلچرل لینڈ سیلنگ ایکٹ متعارف کیا گیا۔ غریبوں میں اراضی اور مکانات تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے انقلابی اصلاحات کے لئے اندرا گاندھی کی خدمات کو سراہا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سونیا گاندھی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت ویمن امپاورمنٹ کے لئے کام کررہی ہے اور خواتین کو اہم عہدے دیئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کابینہ میں دو وزراء کی شمولیت اور رینوکاچودھری کو راجیہ سبھا اور وجئے شانتی کو رکن کونسل بنانے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی نے پاکستان کو سبق سکھاتے ہوئے ہندوستان کے مفادات کا تحفظ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر خواتین میں ساڑیاں تقسیم کیں اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اسکیم پر عمل کریں۔ 1