تلنگانہ کی ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنایا جائیگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی

   

بڑے تاجرین 16 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض لیکر ملک سے فرار ہوگئے۔ وہی خواتین سود سمیت ادا کررہی ہیں
حیدرآباد ۔ 17 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ خواتین ملک کیلئے رول ماڈل ہیں۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت ریاست کی ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے ہدف مختص کرتے ہوئے کام کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز کے جے آر سی کنونشن میں We Hub ویمن ایکسلریشن پروگرام کا آغاز کیا۔ یہاں لگائے گئے اسٹالس کا معائنہ کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندراگاندھی نے دنیا کو خواتین کی طاقت دکھائی۔ ریاست کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت تک پہنچانے کیلئے ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کی ضرورت ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ خواتین کا احترام کیا۔ خواتین کی طاقت ملک کیلئے مثالی ہے۔ تلنگانہ میں خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفرکی سہولت فراہم کی گئی۔ ’’مہالکشمی‘‘ اسکیم کی بدولت آر ٹی سی نفع میں چل رہی ہے۔ سرکاری اسکولس کی دیکھ بھال ’’اماں آدرش پاٹھشالہ‘‘ کے نام سے خواتین کی سپرد کی گئی۔ طلبہ کے یونیفارم کی سلائی خواتین کی تنظیموں کو سونپتے ہوئے انہیں روزگار کی طمانیت دی گئی۔ کانگریس حکومت بزنس میں خواتین کی مکمل حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ پٹرول پمپس، سولار پاور پلانٹس خواتین کے حوالے کرتے ہوئے ان سے 1000 میگاواٹ برقی خریدنے کا حکومت نے معاہدہ کیا ہے۔ جو کاروبار پہلے اڈانی اور امبانی جیسے بڑے سرمایہ داروں تک محدود تھے، وہی کاروبار اب خواتین بھی کریں گی، جس کیلئے حکومت مکمل حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ شلپارامم میں خودامدادی گروپس کی مصنوعات کی نمائش کیلئے اسٹالس مختص کئے گئے ہیں۔ کانگریس پارٹی اور حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہیںکہ جب خواتین اور بیٹیاں خودمختار بنیں گی تب ہی ریاست کی معیشت ترقی کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں سیلف ہیلپ گروپس کی رکنیت ایک کروڑ تک پہنچے وہ وعدہ کرتے ہیں ایک بھائی کی حیثیت سے آپ کی ہر ممکن مدد کرونگا۔ ملک میں جب 16 لاکھ کروڑ روپئے کارپوریٹ کمپنیوں کو بطور قرض دیئے گئے، جس سے ملک میں تجارت کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے ان بڑے بزنسمین ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ وہی قرض بہنی اور بیٹیوں کو دیا گیا تو انہوں نے ایک پیسہ بھی غبن نہیں کیا بلکہ سود سمیت واپس کیا۔ مالیاتی نظم و نسق خواتین کی پہچان ہے۔ کانگریس حکومت پہلے ہی خواتین کو 1000 میگاواٹ کے سولار توانائی کے منصوبے سونپ چکی ہے۔ اگر اس کو مؤثر طریقے سے چلایا گیا تو مزید 1000 میگاواٹ کے سولار منصوبے بھی دینے کیلئے تیار ہے۔ خواتین کی سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے تیار کی گئی مصنوعات کو ہم ریاست میں آنے والے مہمانوں کو تحفے میں دے رہے ہیں۔ حکومت کی پالیسی ہیکہ خواتین کو تمام شعبوں میں آگے بڑھایا جائے۔ میں عہدیداروں کو ہدایت دے رہا ہوں کہ شہری علاقوں میں موجود خواتین کو بھی سیلف ہیلپ گروپس میں شامل کرانے کیلئے خصوصی مہم شروع کریں۔ خواتین کو 500 روپئے میں پکوان گیس تقسیم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک کروڑ خواتین کو ایک یونٹ آئی ڈی کارڈ دیا جائے گا۔ خواتین کی صحت سے لیکر آمدنی تک تمام تفصیلات یونٹ کارڈ میں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مس ورلڈ مقابلے میں حصہ لینے والی حسینائیں 21 مئی کو اندرا مہیلا اسٹالس کا دورہ کریں گی۔2