تلنگانہ کی برسراقتدار حکومت کو بیدخل کرنے کے سی آر کی سازش

   

بی جے پی کے ساتھ سازباز، کانگریس کامیاب ہونے نہیں دے گی : وزیر پونم پربھاکر

حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ حکومت تلنگانہ کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مل کر کی جانے والی اس سازش سے عوام اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر نے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کے خلاف وہ جو سازشیں کر رہے ہیں اس میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہنچانے اور تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ریاست میں آمرانہ حکمرانی چلاتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والے سیاستدان جنہوں نے کالیشورم پراجکٹ کے نام پر ریاست کے خزانوں کو لوٹا ہے اب عوامی منتخبہ حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی ساز ش کر رہے ہیں۔مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تحقیقات کے بعد جیل جانے کے خوف سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے اتحاد کرتے ہوئے تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کی کوشش میں مصروف کے چندر شیکھر راؤ کے نظریات کو عوام مسترد کرچکے ہیں اور ان سے آزادی حاصل کرنے کے بعد جمہوری دور حکومت میں زندگی گذار رہے ہیں۔ریاستی وزیر نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کی دختر شراب اسکام میں جیل میں ہے جبکہ کالیشورم اسکام میں ان کے دیگر افراد خاندان جیل جانے والے ہیں اسی لئے وہ تلنگانہ سے کانگریس حکومت کو بیدخل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے فوری بعد جو فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے وہ سربراہ بی آر ایس کو ہضم نہیں ہورہا ہے ۔انہوں نے سابق چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ انہوں نے تلنگانہ عوام سے جن ڈبل بیڈ روم فلیٹس کا وعدہ کیا تھا وہ فلیٹس کہاں ہیں !کیوں تلنگانہ عوام کو وہ فلیٹس تقسیم نہیں کئے گئے ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ دلتوں کو تین ایکڑ اراضی کی تقسیم کاوعدہ کیا ہوا کیوں انہیں اراضی کی تقسیم عمل میں نہیں لائی گئی !بی آر ایس نے 2018 میں اقتدار میں آنے کے لئے بے روزگار نوجوانوں کو بے روزگاری بھتہ دینے کا اعلان کیا تھا اس پر عمل نہیں کیا گیا اور اب جبکہ تلنگانہ عوام نے بی آر ایس کو مسترد کردیا ہے تو کے سی آر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کرتے ہوئے ریاست میں کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔پونم پربھاکر نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران تلنگانہ عوام ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں عوام نے کانگریس اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کے فیصلہ کرلیا ہے اور ملک میں آئندہ حکومت انڈیا اتحاد کی ہوگی ۔انہوں نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی سازش کرنا بند کردیں کیونکہ ان کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور نہ ہی تلنگانہ عوام انہیں ان سازشوں کو کامیاب کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔3