کوالالمپور : ہندوستانی بیٹر نے آئی سی سی انڈر19 ویمنز ٹی20 ٹورنمنٹ میں تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے ورلڈکپ کی تاریخی اننگزکھیلی، 19 سالہ گونگاڈی تریشا نے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروالیا ہے، جنہوں نے 59 گیندوں میں ایسا دھماکہ کیا کہ اسکاٹ لینڈ کے بولرز بے بس نظر آئے۔ تریشا آخر تک ناٹ آؤٹ رہیں اور110 رنز بنائے جوکہ آئی سی سی انڈر19 ویمنز ٹی20 ٹورنمنٹ کی تاریخ میں کسی بھی بیٹرکی جانب سے بنائی گئی پہلی سنچری ہے۔ اس سنچری کی بدولت ترشا نہ صرف ہندوستانی اسکور بورڈکو200 سے آگے لے گئیں بلکہ ٹورنمنٹ کی ٹاپ اسکورر بھی بن گئیں۔ ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا لیکن گونگاڈی تریشا کے ارادے مختلف تھے۔ انہوں نے نہ صرف رنزکی بہتی گنگا میں غوطہ لگایا بلکہ ایک تاریخی سنچری کی کہانی بھی لکھی۔ کملینی کے ساتھ اوپننگ کرنے آئی تریشا نے شروع سے ہی حملہ کرتے ہوئے بولروں پر دباؤ برقرار رکھا۔ کملینی کے بلے سے بھی رنز نکل رہے تھے لیکن اس رفتار سے نہیں جو تریشا برقرار رکھے ہوئے تھی۔ دونوں کے درمیان ابتدائی وکٹ کے لیے 147 رنز کی بڑی شراکت ہوئی جس نے ہندوستان کو زبردست آغاز فراہم کیا۔ اوپننگ پارٹنر کے ساتھ چھوڑے جانے کے بعد بھی گونگاڈی تریشا کے انداز اور مزاج میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور انہوں نے سنچری اسکور کی۔ گونگاڈی تریشا آخر تک ناٹ آؤٹ رہیں اور59 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔ 186.44 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلی گئی اس اننگز میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان 110 رنزکے ساتھ ہی آئی سی سی انڈر19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موجودہ سیزن میں تریشا کا مجموعہ اب 230 رنز تک پہنچ گیا ہے۔ اس طرح وہ اس ٹورنمنٹ کی ٹاپ اسکورر بھی بن گئی ہیں، جو بدراچلم، تلنگانہ سے تعلق رکھتی ہیں۔