تلنگانہ کی تاریخ میں منگل کو برقی کا ریکارڈ استعمال

   

آئندہ چند دنوں میں ڈیمانڈ بڑھ کر 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جانے کے امکانات

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں جس طرح دن بہ دن گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے، اس طرح برقی کی طلب میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منگل کو ریکارڈ سطح پر برقی کے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آج دوپہر کے وقت سب سے زیادہ 14,794 میگاواٹ برقی لی طلب کا اندراج ہوا ہے۔ گذشتہ سال آج ہی کے دن 12,966 میگاواٹ برقی کا استعمال ہوا تھا۔ ٹرانسکو کے عہدیداوں نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں برقی کی طلب میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ زرعی سرگرمیوں اور صنعتی استعمال میں برقی کے ڈیمانڈ میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ ساتھ ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوجانے سے لوگ فیان۔ کولر اور اے سی کا بھی زیادہ استعمال کررہے ہیں، جس سے برقی کے استعمال میں اچانک 37 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں زرعی باؤلیوں پر انحصار کرتے ہوئے کسان اپنی کاشت کررہے ہیں جس کی وجہ سے برقی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ربیع سیزن میں برقی کا ڈیمانڈ 16 ہزار میگاواٹ تک بڑھ جانے کے امکانات ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیمانڈ کے مطابق معیاری برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ برقی ٹرانسفارمرس ناکارہ ہونے پر اس کو عاجلانہ درست کرانے اور نئے برقی ٹرانسفارمرس تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ن