رعیتو بیمہ کی طرح بنکروں کیلئے بھی بیمہ اسکیم شروع کرنے کا اعلان ۔ کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے بھی حکومت تیار۔ یوم آزادی تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔15اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ رعیتو بیمہ کی طرز پر جلد ہی بنکروں کیلئے بھی بیمہ اسکیم شروع کریگی اور ہینڈلوم کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔دلت بندھو اسکیم کے ذریعہ 75 برسوںکے دوران نظرانداز دلت طبقات کی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔دلت بندھو اسکیم مہاتما جیوتی راؤ پھولے اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکرکے دلتوں کی ترقی کے نظریہ اور ان کی زندگیوں کو بدلنے اور ان میں روشنی لانے کے مقصد سے تیار کی گئی ہے جس پر حضور آباد میں 16 اگسٹ سے متعارف کروایا جائیگا۔ دیگر حلقوں میں جلد اس کو نافذ کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قلعہ گولکنڈہ میں پرچم کشائی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعدآبرسانی‘ آبپاشی اور برقی فراہمی کے شعبوں میں جو مثال قائم کی ہے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ نے قلیل مدت میں ملک کی تمام ریاستوں کیلئے ان شعبوں میں مثال پیش کی ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت تمام کمزور طبقات کی مدد اور ان کی ترقی کی راہ ہموار کرنا اپنی ذمہ داری تصور کرتی ہے اور اسی لئے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ اس اسکیم کو تجرباتی اساس پر حضور آباد حلقہ میں شروع کیا جار ہاہے اور اس کی کامیابی پر دیگر حلقوں میں توسیع دی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ میں دلتو ںکی بہتر و معیاری تعلیم ‘خصوصی تعلیمی اداروں کے قیام کیلئے ایس سی ۔ایس ٹی سب پلان کیلئے قانون سازی کی گئی تاکہ غیر مستعملہ بجٹ جو حکومت کو واپس ہوا کرتا تھا وہ دلتوں کی ترقی کیلئے ان محکمہ جات کے پاس موجود رہے جو کہ کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے ذمہ دار ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے کورونا سے نمٹنے متعدد اقدامات کئے ہیں اور ماہرین کی رائے کے مطابق تیسری لہر کے انتباہ کونظر انداز نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے محفوظ رہنے تمام رہنمایانہ خطوط پر عمل کو یقینی بنائیں تاکہ تلنگانہ میں تیسری لہر کی صور ت میں کورو نا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ سرکاری دواخانوں میں جملہ 27ہزار 996 بستر ہیں جن میں 17 ہزار 114 آکسیجن بستر ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ حکومت سے مابقی بستروں کو آکسیجن بستروں میں تبدیل کیا جائیگا ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے طرز پر مزید 5 دواخانوں کے قیام کو منظوری دی گئی جس میں 4 دواخانہ شہر میں قائم کئے جائیں گے جبکہ ایک دواخانہ کا قیام ورنگل میں عمل میں لایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ مزید دو دواخانوں کا قیام عمل میں لانے کا منصوبہ تیار کیا گیا جن میں راماگنڈم کے علاوہ پٹن چیرو میں ایک کا منصوبہ شامل ہے۔چیف منسٹر نے دیہی علاقو ںمیں طبی سہولیات کے سلسلہ میں کہا کہ تلنگانہ پہلی ریاست ہوگی جہاں بستی دواخانوں کے طرز پر دیہی علاقو ںمیں بھی دواخانے قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 50 معائنوں کو مفت کرنے ڈائیگناسٹک سنٹرس کاقیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے ہیلت پروفائیل کی تیاری میں دیگر ریاستوں کے مقابلہ سر فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ میں صرف 5 میڈیکل کالجس تھے لیکن جاریہ سال حکومت نے 4نئے میڈیکل کالجس کو منظوری دی اور آئندہ تعلیمی سال 6 مزید کالجس کی منظوری کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے ریاست میں فی کس آمدنی اور جی ڈی پی میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے ساتھ ہی 2013-14 کی 4.51 لاکھ کروڑ ریکارڈ کی گئی تھی۔انہو ںنے بتایا کہ مالی سال 2020 – 21کے دوران جی ڈی پی 9.8لاکھ کروڑ ریکارڈ کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں فی کس آمدنی 2.37لاکھ تک پہنچ چکی ہے جبکہ سال 2013-14 کے دوران فی کس آمدنی 1.12لاکھ ریکارڈ کی گئی تھی۔ چندر شیکھر راؤ نے مجموعی طور پر تلنگانہ کی ترقی کی رفتار کو اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے اقدام کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت نے برقی قلت ‘ آبپاشی مسائل اور آبرسانی مسائل کو مختصرمدت میں ختم کردیا ہے ۔ زرعی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے 25ہزار روپئے تک کے زرعی قرضہ جات کی معافی کا اعلان کیا گیا جس سے 3لاکھ کسانوں کو فائدہ حاصل ہوا ہے جبکہ 16 اگسٹ سے 50ہزار تک کے قرضہ جات کی معافی کا فیصلہ کیا گیا جس سے 6 لاکھ کسانوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں مجموعی زرعی پیداوار 3.4 کروڑ ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ مختلف محکمہ جات میں تقررات پر چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت نے تقررات کا عمل شروع کردیا ہے ۔ چیف منسٹر نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس کی آزادی کیلئے جن لوگوں نے قربانیاں پیش کی ہیں ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے عوام کو رامپا مندر کو یونیسکو تہذیبی ورثہ میں شامل کئے جانے پر مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قیام تلنگانہ کے بعد سے حالات تیزی سے تبدیل ہونے لگے ہیں اور حکومت سنہرے تلنگانہ کیلئے تمام طبقات کی سماجی ‘ تعلیمی ‘ معاشی ترقی کے عہد کی پابند ہے اور اسی مقصد کیلئے کوشش جاری ہے۔
