صدر نشین فینانس کمیشن اروند پناگریا کا تاثر
حیدرآباد۔10 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کی شہری علاقوں کے لئے ترقی مثالی ہے اور تلنگانہ کا مستقبل تابناک نظر آرہا ہے۔ صدرنشین 16 فینانس کمیشن مسٹر اروند پنا گریا نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء اور عہدیداروں سے ملاقات کے بعد کی گئی پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایاکہ ریاستی حکومت تلنگانہ معیشت کے استحکام کے لئے جو اقدامات کررہی ہے وہ قابل ستائش ہیں علاوہ ازیں ریاست میں شہری علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی منصوبہ بندی کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے صدرنشین 16ویں فینانس کمیشن نے کہا کہ اب تک کمیشن نے 6 ریاستوں کا دورہ کیا ہے اور تلنگانہ کی شہری علاقوں کی ترقی سے وہ کافی متاثر ہیں۔صدرنشین کمیشن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران حکومت تلنگانہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو مطالبات رکھے گئے ہیں کمیشن ان کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اپنی سفارشات میں شامل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہری ترقیات کے لئے جو منصوبہ پیش کیاگیا ہے اور اب تک کی کارکردگی ہے وہ انتہائی متاثر کن ہے۔ ذرائع ابلاغ سے کی گئی بات چیت کے دوران صدرنشین کمیشن مسٹر اروند پناگریا‘ اراکین کمیشن مسٹر اجئے نارائن‘ ڈاکٹر منوج پانڈا‘ جارج اینی میتھیو‘ سومیا کانتی گھوش‘ کے علاوہ مسٹر رتوک پانڈے کے علاوہ دیگر موجود تھے۔3