فلاحی اسکیمات کے ثمرات عوام تک پہونچ رہے ہیں : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں ملازمین کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ تلنگانہ کی تحریک میں کلیدی رول ادا کرنے والے ملازمین نے مختصر عرصہ میں تلنگانہ کو ترقی دینے اور فلاحی اسکیمات کے ثمرات کو عوام تک پہونچانے میں ملازمین نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا ہے ۔ اپنی قیام گاہ کنڈاپور میں ٹی این جی او یونین ضلع سدی پیٹ اور ہاسٹل ویلفیر اسوسی ایشن سدی پیٹ اربن کی ڈائری و کیلنڈر کی رسم اجرائی کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کا حصہ رہنے والے ملازمین کی ڈائری و کیلنڈر کی رسم اجرائی کرتے ہوئے انہیں خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ریاست اور بالخصوص سدی پیٹ کی ترقی کے لیے ملازمین سخت محنت کررہے ہیں بہت جلد ملازمین کے مسائل حل ہونے ، پی آر سی پر عمل آوری کے ساتھ وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ ہونے کے ساتھ ترقیات کا عمل بھی مکمل ہونے کا تیقن دلایا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سرکاری ملازمین کو حل کرنے کے معاملے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہے ۔ سرکاری ملازمین تنظیموں کے نمائندوں اور حکومت کی تشکیل کردہ عہدیداروں کی سہ رکنی کمیٹی کے درمیان مشاورت کا دور مکمل ہونے اور چیف منسٹر کو رپورٹ ملنے کے بعد پی آر سی فیٹمنٹ کا اعلان کردیا جائے گا ۔ انہوں نے ریاست کو ہر شعبہ میں کامیاب بنانے میں ملازمین کا اہم رول ہونے کا دعویٰ کیا ۔ اس موقع پر ملازمین یونین کے نمائندے بھی موجود تھے ۔۔