تلنگانہ کی ترقی کیلئے مودی و امیت شاہ سے ملاقات کرتا رہوں گا: ریونت ریڈی

   

پراجکٹس اور فنڈس کیلئے مرکز کا تعاون ضروری، میرا کوئی شخصی ایجنڈہ نہیں،متحدہ عادل آباد ضلع میں دو آبپاشی پراجکٹس کا افتتاح
حیدرآباد ۔16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے وہ نریندر مودی اور امیت شاہ سے بار بار ملاقات کریں گے اور انہیں اس معاملہ میں کوئی پشیمانی یا شرمندگی نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے آج متحدہ عادل آباد ضلع کا دورہ کرکے دو آبپاشی پراجکٹس کا افتتاح کیا۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی ، وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ چیف منسٹر نے دو بیاریجس کا افتتاح کیا جس کے نتیجہ میں متحدہ عادل آباد ضلع میں آبپاشی ضروریات کیلئے پانی سیراب کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر جلسہ سے خطاب میں چیف منسٹر نے کہا کہ بعض افراد مجھ سے سوال کر رہے ہیں کہ میں نریندر مودی سے بار بار کیوں ملاقات کررہا ہوں۔ وہ میرے رشتہ دار نہیں ہیں اور نہ ان سے کوئی شخصی روابط ہے۔ مودی ملک کے وزیراعظم ہیں۔ تلنگانہ میں اگر ایرپورٹ قائم کرنا ہے تو وزیراعظم کی منظوری ضروری ہے۔ وزیراعظم کی منظوری سے ہی نئی صنعتیں قائم ہوں گی اور تلنگانہ کو فنڈس حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عادل آباد ضلع کیلئے نئے ایرپورٹ کی منظوری کیلئے وزیراعظم سے نمائندگی کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مجھے ریاست کی ترقی کیلئے کسی سے ملاقات کرنے میں کوئی جھجھک نہیں ہو گی۔ میں شخصی ایجنڈہ کے تحت ملاقات نہیں کر رہا ہوں بلکہ ریاست کی ترقی میرا مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے نریندر مودی ، امیت شاہ یا کسی اور مرکزی وزیر سے ملاقات کیلئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نرمل کے عوام کے اعتماد اور تائید کے نتیجہ میں وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ ضلع کی ترقی کیلئے وہ محبوب نگر کی طرح فنڈس جاری کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ وزیراعظم مودی سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم کا مکمل احترام کرکے تلنگانہ کیلئے پراجکٹس کی منظوری کی درخواست کی جارہی ہے ۔ بعض افراد کو نریندر مودی سے ملاقات پر اعتراض ہے۔ ریاست کیلئے فنڈس اور پراجکٹ کون منظور کرسکتا ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات نہ کریں تو فنڈس اور پراجکٹس کہاں سے آئیں گے ۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران بی آر ایس حکومت نے بھی وزیراعظم سے ریاست کیلئے نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نمائندگی کے بغیر مرکز کو کیسے پتہ چلے گا کہ تلنگانہ کی کیا ضرورت ہے۔ میں شخصی ایجنڈہ کے تحت ملاقات نہیں کر رہا ہوں بلکہ ریاست کی ترقی اور فنڈس کیلئے مودی ، امیت شاہ اور دوسروں سے ملاقات کرسکتا ہوں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سیاست صرف انتخابات کے وقت کی جانی چاہئے۔ الیکشن کے بعد ترقی ہر کسی کا مقصد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران سابق حکومت نے ترقی پر توجہ نہیں دی اور ہر معاملہ میں سیاست کی جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کو بھاری نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو وزیراعظم سے پراجکٹس اور فنڈس کیلئے نمائندگی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے نرمل ضلع کیلئے اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹر کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں متحدہ عادل آباد ضلع کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ خواتین کو معاشی طورپر مستحکم بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خدمت کرنے والے قائدین کو مجالس مقامی کے انتخابات میں منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ 40 سالہ سیاسی تجربہ رکھنے والے کے سی آر ترقی کیلئے تجاویز پیش کرنے کے بجائے حکومت پر تنقید میں مصروف ہیں۔ فارم ہاؤز میں بیٹھ کر حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی جانب سے مسترد کردہ قائدین کے بارے میں تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ 1