آندھراپردیش میں ضرورت کے مطابق انتخابی مفاہمت ہوگی
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے واضح کیا کہ آندھراپردیش میں ضرورت کے مطابق انتخابی مفاہمت کی جائے گی اور اس سلسلہ میں انتخابات سے قبل فیصلہ کیا جائے گا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلگودیشم نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں تمام 119 نشستوں پر مقابلہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں اور 7 رکنی کمیٹی درخواستوں کی جانچ کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام نشستوں پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے کیوں کہ تمام اضلاع میں تلگودیشم کا کیڈر مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی الیکشن کے بارے میں سینئر قائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے بارے میں سوال پر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اس کا وقت گزرچکا ہے۔ آندھراپردیش میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مقامی صورتحال اور ضرورت کے مطابق مفاہمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بی جے پی میں داخلی طور پر کیا چل رہا ہے کوئی واقف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی سطح پر ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنا چاہتے ہیں۔ قومی سطح پر رول کس طرح رہے گا یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف کے مسئلہ پر انہوں نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
خصوصی موقف عوام کا مطالبہ ہے اور یہ جذباتی مسئلہ ہے۔ نائیڈو نے کہا کہ جگن موہن ریڈی نے آندھراپردیش کو تباہ کردیا ہے۔ جگن کی پالیسیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان کوئی یکسانیت باقی نہیں رہی۔