تلنگانہ کی حکمرانی دراصل ایک خاندان کے چار ارکان کے ہاتھوں میں : جئے رام رمیش

   

حیدرآباد ۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جمہوریت کا فقدان ہے اور حکومت ایک خاندان کے چار ارکان کے ہاتھوں میں ہے۔ کل منو گوڑ میں کانگریس امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے ہمراہ میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کے عوام 30 نومبر کو بی آر ایس کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں خاندانی حکومت چل رہی ہے اور کہا کہ سماجی انصاف تلنگانہ کے قیام کیلئے تیسرا اہم عنصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کی خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات سرکاری جائیدادوں کو پُر کرنے میں حکومت کی ناکامی کے عکاس ہیں اور پبلک کمیشنس کے ذریعہ کوئی تقررات نہیں کئے گئے۔ جئے رام نے کے سی آر پر تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔