تلنگانہ کی سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا اندرون ایک ہفتہ تقرر

   

سرچ کمیٹیوں کے اجلاس کا مرحلہ مکمل، سماجی انصاف کی بنیاد پر تمام طبقات کو نمائندگی
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی 10 سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے عہدوں پر توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت نے وائس چانسلرس کے اہل امیدواروں کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹیوں کے اجلاس کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق 2 یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹیوں کا اجلاس باقی ہے جو توقع ہے کہ آئندہ دو دنوں میں مکمل ہوجائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی چاہتے ہیں کہ بیک وقت تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے ناموں کی گورنر سے سفارش کی جائے۔ سرچ کمیٹیوں نے ہر یونیورسٹی کے لئے ترجیحی بنیاد پر تین ناموں کی سفارش کی ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ نام گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما کو روانہ کئے جائیں گے۔ روایت کے مطابق گورنر ہر یونیورسٹی کے لئے سفارش کردہ تین ناموں میں پہلے نام کو منظوری دیتے ہیں جس کے بعد حکومت تقررات کا اعلامیہ جاری کرتی ہے۔ اسکریننگ کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد متوقع امیدواروں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے سماجی انصاف کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام طبقات کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم اکتوبر کو مہاتما گاندھی یونیورسٹی کی سرچ کمیٹی کا اجلاس ہوا جبکہ 3 اور 4 اکتوبر کو عثمانیہ ، تلگو یونیورسٹی ، جے این ٹی یو ، پالمور اور ساتاواہنا یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ 8 اکتوبر کو تلنگانہ یونیورسٹی سرچ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور فائن آرٹس اینڈ آرکیٹکچر یونیورسٹی کی سرچ کمیٹیوں کے اجلاس ابھی باقی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے تقررات میں اہلیت کو بنیاد بنانے کی ہدایت دی ہے۔ 10 وائس چانسلرس کے عہدوں کیلئے 312 پروفیسرس نے 1382 درخواستیں داخل کی ہیں۔ 1