تلنگانہ کی غریب عوام کیلئے کانگریس کی کئی اسکیمات کا آغاز

   

نرمل ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس ہر انتخابی وعدہ کو پورا کرے گی، عوام نے کانگریس کی ضمانتوں پر بھروسہ کیا ہے۔ آج وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بہت تیزی سے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے لئے تمام سرکاری عہدیداروں کو متحرک کرچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر ضلع کانگریس مسٹر کے سری ہری راؤ نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مسٹر راؤ نے بتایا کہ دس برس بعد ریاست تلنگانہ کی عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لایا ہے پارٹی کے قد آور قائدین کے ریاست تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں اور غریب عوام کے لئے کئی ایک اسکیمات پر عمل کرنے کا تیقن دیا بلکہ چھ گیارنٹیوں میں سے دو اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ دو دن سے پرجا پالنا کے ذریعہ درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ آئندہ بھی تمام وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کانگریس پارٹی آگے قدم بڑھائے گی۔ مسٹر راؤ نے بتایا کہ وہ کل ناگپور میں کانگریس کی 138 ویں یوم تاسیس میں شرکت کرچکے ہیں۔ وہاں عوام میں جوش و خروش دیکھتے ہوئے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملک کی عوام مرکز میں کانگریس کی اقتدار پر واپسی کے لئے بے چین ہیں۔ انہوں نے ضلع نرمل و متحدہ ضلع عادل آباد کے تمام پارٹی قائدین کو پارلیمانی انتخابات کے لئے کمربستہ ہو جانے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ ہر پارٹی کارکن کو ایک سپاہی کی طرح پارٹی کی کامیابی کے لئے کام کرنے کا وقت آچکا ہے۔ آج سری ہری راؤ نے مامڑہ منڈل کے موضع نل داتی کا دورہ کرتے ہوئے پرجا پالنا پروگرام کے مراکز کا دورہ کیا جہاں عوام بڑی تعداد میں درخواست فارم داخل کررہے تھے۔