کسانوں کیلئے ریتوبندھو حکومت کا اہم کارنامہ ، سابق رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کا بیان
سنگاریڈی : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ریاست کے کسانوں کو زراعت کے لئے مالی امداد فراہم کرنے کی غرض سے ملک بھر میں اپنی نوعیت کی واحد اور منفرد پروگرام رائتو بندھو شروع کیا جس کے تحت ہر کسان کو زراعت کرنے کے لیے سالانہ دس ہزار روپیہ فی ایکر دئے جا رہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے گذشتہ چار سال میں کسانوں کی مالی امداد کے لیے رائتو بندھو کے ذریعہ 50 ہزار کروڑ روپیہ کسانوں کے لیے جاری کئے جو ایک ریکارڈ ہے ان خیالات کا اظہار چنتا پربھاکر سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی نے میڈیا کے لیے جاری کردہ اپنے صحافتی بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ شعبہ زراعت میں مثالی اور کسانوں کی فلاح و بہبود میں ملک بھر کے لیے مشعل راہ ہے۔ گذشتہ دو سال سے عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا اتھل پتھل کا شکار اور مالی بحران سے دوچار ہے اس کے باوجود تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت نے رائتو بندھو میں کوئی کٹوتی نھیں کی اور پابندی کے ساتھ کسانوں کے بینک کھاتوں رقم جمع کی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت صرف کسانوں کی ہی نھیں بلکہ سماج کے ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اسکیمات روبہ عمل لا رہی ہے۔ نیتی آیوگ نے تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ، صحت ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبہ جات میں کارکردگی کو ملک بھر میں سر فہرست قرار دیا ہے۔