تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک میں مثالی : محمد محمود علی

   

ابراہیم پٹنم میں غریبوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم، رکن اسمبلی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ وزیر داخلہ نے ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ کے عبداللہ پور میٹ منڈل میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر جملہ 1296 مکانات کی تقسیم عمل میں آئی جن کی تعمیر پر 112.10 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ وزیر داخلہ نے استفادہ کنندگان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے بے گھر غریبوں کیلئے منفرد اسکیم شروع کی ۔ انہوں نے استفادہ کنندگان کو مشورہ دیا کہ وہ مکانات کو کرایہ پر دینے کے بجائے خود قیام کریں۔انہوں نے کہا کہ کرایہ سے نجات دلانے کیلئے حکومت نے مکانات تعمیر کئے ہیں۔ الاٹمنٹ میں شفافیت سے کام لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ9 برسوں میں تلنگانہ میں اقلیتوں کی غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں اقلیتوں کی بھلائی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ کے سی آر حکومت نے 9 برسوں میں اقلیتوں کی ترقی پر 9163 کروڑ خرچ کئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ کو فسادات اور فرقہ وارانہ تشدد سے پاک بنایا گیا ۔ تقریب میں رکن اسمبلی منچی ریڈی کشن ریڈی، میونسپل چیرپرسن سریتا چرنجیوی، وائس چیرپرسن سمپورنا، جائنٹ کلکٹر بھوپال ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔