تلنگانہ کی مسلح جدوجہد میں بی نرسنگ راؤ کا اہم رول

   

کمیونسٹ قائد کی آب بیتی کتاب کی رسم اجراء، پروفیسر ہنمنت راؤ، عزیز پاشاہ اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/24نومبر، ( سیاست نیوز) پلاننگ کمیشن کے رکن اور ماہر معاشیات سی ایچ ہنمنت راؤ نے ممتاز کمیونسٹ رہنما آنجہانی بی نرسنگ راؤ کی خود نوشت کتاب کی رسم اجراء انجام دی۔ مخدوم بھون میں منعقدہ تقریب میں ایڈیٹر ’ آندھرا جیوتی‘ کے سرینواس، سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ، پروفیسر رما ملکوٹے اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی نرسنگ راؤ سماج میں ایک جہد کار کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت رکھتے تھے۔ تلنگانہ کی مسلح جدوجہد میں انہوں نے اہم رول ادا کیا تھا۔ نظام حکومت کے خلاف جدوجہد کے علاوہ ملکی تحریک اور علحدہ تلنگانہ تحریک میں نرسنگ راؤ نے غیر معمولی رول ادا کیا۔ انہوں نے عوامی تحریکات میں حصہ لینے پر جیل کی صعوبتوں کو برداشت کیا۔ نظام کالج کے طالب علم کے طور پر ابتداء ہی سے انہوں نے خود کو تحریکات سے وابستہ رکھا۔ آل حیدرآباد اسٹوڈنٹس یونین کے صدر رہے۔ اے آئی ایس ایف کے قومی صدر کی حیثیت سے نرسنگ راؤ نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اپنی زندگی کے تجربات پر مشتمل کتاب کے مطالعہ سے نہ صرف عوامی تحریکات کے بارے میں عوام کو واقفیت ہوگی بلکہ نرسنگ راؤ جیسے قائدین کی قربانیوں سے واقفیت ہوگی۔ تلگو زبان میں یہ کتاب شائع کی گئی ہے۔ تلنگانہ شہیدان یادگار ٹرسٹ کے سکریٹری کے پرتاپ نے تقریب کی صدارت کی۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی کے قائد کے جی رامچندر، سدھا رانی، ویملا مورتی، این وینو گوپال، انیل کمار، ناگیشور راؤ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ایڈیٹر آندھرا جیوتی کے سرینواس نے کہا کہ کمیونسٹ تحریک کے علاوہ ملکی تحریک میں نرسنگ راؤ کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ہر سال 17 ستمبر کے موقع پر انضمام کی یادگار منائی جاتی اور تلنگانہ کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کو اُجاگر کیا جاتا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ نوجوان نسل کو تلنگانہ تحریک کے علاوہ انڈین یونین میں انضمام کیلئے کمیونسٹ قائدین کی جدوجہد سے آگاہ کیا جائے۔ر