تلنگانہ کی ووٹر لسٹوں میں نام شامل کروانے کا آخری موقع

   

15 اور 16 اکتوبر کو تمام پولنگ اسٹیشنس پر خصوصی کیمپس کا انعقاد، سدرشن ریڈی

حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے ریاست تلنگانہ کے شہریوں اور بالخصوص جن کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے گئے ان کو ایک اور سنہری موقع فراہم کیا ہے تاکہ وہ 9 نومبر کو شائع ہونے والی SIR کی فائنل ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرواسکیں۔ اس سلسلے میں 15 اور 16 اکتوبر کو ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنس پر خصوصی کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے اپنے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ ان دو دنوں کے دوران فارم ۔ 6 کے ذریعہ درخواست دینے والے تمام اہل شہریوں کا نام 9 نومبر کی فائنل ووٹر لسٹ میں لازمی طور پر شامل کیا جائے گا۔ مسودہ ووٹر لسٹ کی اشاعت کے دوران تقریباً 73 لاکھ ووٹرس کو (ALD) یعنی غیر حاضر، منتقل شدہ متوفی اور ڈپلکیٹ زمرے کے تحت لسٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اگر کسی کا نام غلطی سے ووٹر لسٹ سے خارج کردیا گیا ہے یا وہ ALD زمرے میں آگیا ہے تو ان دو روزہ کیمپس میں جاکر فارم۔ 6 جمع کراسکتا ہے۔ 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نئے ووٹرس بھی ان کیمپس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا نام آن دی اسپاٹ درج کرواسکتے ہیں۔ اس سے قبل اعتراضات اور دعوؤں کے تحت فارم ۔ 6 جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 سے 17 اگست تک ہی تھی جسے الیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت کے پیش نظر 15 اور 16 اکتوبر تک بڑھانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے تمام بوتھ لیول آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ووٹر لسٹ کی صد فیصد درستگی کے لئے زمینی سطح پر متحرک انداز میں کام کریں۔ بی ایل اوز پرانی ووٹر لسٹ کے ساتھ حال ہی میں شائع شدہ ڈرافٹ لسٹ کا باریک بینی سے موازانہ کریں اور ان ووٹرس کی شناخت کریں جن کے نام حذف کئے گئے ہیں۔ حذف کئے گئے ووٹرس کی ایک مخصوص علیحدہ لسٹ تیار کریں اس کو تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی بوتھ لیول ایجنٹس کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ بی ایل اوز ہر ہفتے کم از کم 20 سے 25 گھروں کا دورہ کریں اور اندرون ایک ماہ اہل ووٹرس کی شناخت کا عمل مکمل کریں۔ ووٹر لسٹ میں ہر ووٹر کے ووٹ کی موجودہ صورتحال کو لازمی طور پر ریکارڈ کیا جائے۔ شیلٹر ہومس اور بے گھر مراکز میں رہنے والے مستحق شہریوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لئے ان کیمپس کی کڑی نگرانی کی جائے۔ 2؍F