تلنگانہ کی ووٹر لسٹ پر نظرثانی SIR کا جائزہ اجلاس

   

چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی ضلعی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد ۔ 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے ریاست میں فہرست رائے دہندگان کی خصوصی نظرثانی پروگرام (SIR) کے تحت تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ہفتہ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ انہوں نے تمام ضلعی کلکٹرس، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس (DEOs) اور حلقہ انتخابی رجسٹریشن آفیسرس (EROs) کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں ووٹرلسٹ کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خصوصی جامع نظرثانی کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائے۔ خاص طور پر ٹیبل ٹامشق جیسے زیرالتواء کاموں کو تیز کیا جائے۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ ہر حلقے اور پولنگ اسٹیشن کے اعتبار سے پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ غلطیوں سے پاک اور جامع ووٹرلسٹ تیار کی جاسکے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے (Special Intensive Revision) کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل رائے دہندگان اپنے نام درج کرواسکیں۔ انہوں نے تمام کلکٹرس کو ہدایت دی کہ یکم ؍ نومبر کو منعقد ہونے والے اجلاس تک تمام کاموں کو مکمل کرلیں۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسرس لوکیش کمار ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر ہری سنگھ اور دیگر سینئر عہدیدار بھی شریک تھے۔ سی ای او سدرشن ریڈی نے حال ہی میں دہلی میں چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔ اس کانفرنس میں انتخابی فہرستوں کے انتظام میں ٹکنالوجی کے استعمال، شفاف طریقہ کار کا استعمال، ووٹر خدمات کو بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سدرشن ریڈی نے غلطیوں سے پاک ووٹرلسٹ تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو بڑھانے پر زور دیا۔2