مائناریٹی ڈیکلریشن کا وعدہ، عمل ندارد
ایوان اسمبلی میں ٹی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ کی سوالات
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے بجٹ میں اور کابینہ میں مسلمانوں کو نظرانداز کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی وزیراعظم نریندر مودی کی تقلید کرتے ہوئے چھوٹے بھائی بڑے بھائی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ مرکز میں بی جے پی کا کوئی مسلم رکن پارلیمنٹ نہیں ہے اور نہ ہی کسی مسلم کو مرکزی وزیر بنایا گیا ہے۔ ریاست میں بھی کوئی مسلم وزیر نہیں ہے اور نہ ہی کانگریس کا کوئی مسلم ایم ایل اے ہے نا ایم ایل سی ہے۔ بڑے بھائی کے راستے پر چھوٹے بھائی چل رہے ہیں۔ اقلیتی بجٹ 4000 کروڑ کا وعدہ کیا گیا تھا مگر بجٹ میں صرف 3000 کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے۔ مسلمانوں کے ووٹوں سے حکومت بنانا چاہتے ہیں مگر مسلمانوں سے انصاف کرنے کیلئے کانگریس حکومت تیار نہیں ہے۔ آئمہ مؤذنین کو ماہانہ 10 ہزار روپئے دینے کا وعدہ کیا تھا مگر بجٹ میں اس کیلئے کوئی گنجائش فراہم نہیں کی گئی۔ مائناریٹی سب پلان کیلئے 1000 کروڑ روپئے دینے کا وعدہ کیا گیا مگر اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں کی۔ کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات سے بھی بڑے بڑے وعدے کئے تھے مگر سماج کے ان طبقات کیلئے بجٹ میں کوئی گنجائش فراہم نہیں کی گئی ہے۔ 2