حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انٹرنیشنل کلچرل ڈے کے موقع پر تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے پیام میں کہا کہ انسانی تہذیب کی ترقی میں کلچر آئینہ کی حیثیت رکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب کثرت میں وحدت کی آئینہ دار ہے۔ ہندوستان میں مختلف مذاہب ، علاقوں ، طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام موجود ہیں اور مختلف زبانیں ، تہذیب ، رہن سہن اور کھانے غذا کی عادتیں بھی مختلف ہیں ۔ باوجود اس کے ہندوستانی تہذیب دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ تلنگانہ ریاست ملک کے مختلف تہذیبوں کا مرکز ہے جہاں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد بستے ہیں اور تلنگانہ منی انڈیا کی طرح ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب دنیا کی تہذیبی زندگی کے لئے رول ماڈل ہے۔ ریاستی حکومت تہذیبی امور کو ترجیح دیتی ہے اور تہذیب کے فروغ کے لئے مختلف پروگرامس اور اسکیمات کا آغاز کیا گیا ۔ زبان ، لٹریچر اور کلچر کے فروغ کے لئے حکومت وقتاً فوقتاً اقدامات کر رہی ہے ۔