تلنگانہ کی ہر ترقی میں کے سی آر کا کردار

   

سابق چیف منسٹر پر ریونت ریڈی کے الزامات مسترد‘ بی آر ایس قائدین کی میڈیا سے بات چیت
نظام آباد۔ 8؍فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ پارٹی دفتر میں منعقدہ صحافتی اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے سابق رکن اسمبلی اور بی آر ایس ضلع صدر جیون ریڈی، سابق اربن رکن اسمبلی گنیش گپتا ، سابق رکنِ اسمبلی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نظام آباد کے دورے کے موقع پر چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے کے سی آر پر کی گئی تنقید پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے سوال کیا کہ انہوں نے نظام آباد ضلع کو اب تک کتنے کروڑ روپئے فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے حالیہ دورہ نظام آباد کے موقع پر ترقی یا فلاحی اسکیمات پر بات کرنے کے بجائے صرف کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے خلاف الزامات اور بدزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی، ایس آئی ٹی اور ای فارم کیسوں کے نام پر اپوزیشن قائدین کو ہراساں کرنا قابلِ مذمت ہے، جبکہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ملی بھگت کے الزامات عائد کرنا انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کے گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران نظام آباد اربن ترقی کے بجائے بدحالی کا شکار ہو گیا ہے اور ریاستی حکومت نے اس عرصہ میں ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کرتے ہوئے محض وقت گزاری کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کی جانب سے نکالی گئی بائیک ریالیوں سے ہی کانگریس اور بی جے پی میں بوکھلاہٹ پیدا ہو گئی ہے اور آنے والے بلدی انتخابات میں بی آر ایس سخت مقابلہ کرے گی۔ سابق رورل رکن اسمبلی باجی ریڈی گووردھن نے کہا کہ کے سی آر کے دورِ حکومت میں تین لاکھ پچھتر ہزار کروڑ روپئے کے وسائل لا کر ریاست بھر میں متوازن ترقی کو یقینی بنایا گیا جس کے نتیجہ میں نئے کلکٹریٹ، آئی ٹی ہب اور کلابھارتی جیسے منصوبے وجود میں آئے۔ آرمور کے سابق رکن اسمبلی اور بی آر ایس ضلع صدر نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کی تاریخ ہیں اور ان کی خدمات کو مٹایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی ذاتی دشمنی کے تحت کے سی آر اور دیگر قائدین کو نوٹسوں اور تحقیقات کے نام پر پریشان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ہر ترقی میں کے سی آر کا کردار شامل ہے، حتیٰ کہ موجودہ سیکریٹریٹ بھی انہی کی دین ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ نظام آباد ضلع کو دیے گئے فنڈس کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں۔اس پریس کانفرنس میں سابق شہر میئر نیتو کرن، سابق نوڈا چیئرمین پربھاکر ریڈی، سابق زیڈ پی ٹی سی باجی ریڈی جگن، سوجیت سنگھ ٹھاکر، ستیہ پرکاش، جگت ریڈی، لکشما ریڈی اور دیگر بی آر ایس قائدین و کارکنان موجود تھے۔