تلنگانہ کی یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات

   

وائس چانسلرس کی کانفرنس، سبیتا اندرا ریڈی اور سومیش کمار کا خطاب
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار اور سکریٹری محکمہ تعلیم سندیپ کمار سلطانیا نے شرکت کی۔ تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس نے اپنی متعلقہ یونیورسٹیز میں تعلیمی سرگرمیوں اور انتظامی اُمور کے علاوہ انفراسٹرکچر سے متعلق زیرتصفیہ اُمور پر اجلاس کی توجہ مبذول کرائی۔ کونسل کے صدرنشین پروفیسر آر لمبادری نے ریاست میں اعلیٰ تعلیم کی صورتحال اور کونسل کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے وائس چانسلرس پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹیز میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور انفراسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ کریں۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے یونیورسٹیز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ 11 ریاستی یونیورسٹیز تعلیم کے ساتھ ساتھ ریسرچ کے شعبہ میں بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا وباء اور اُس کے بعد کی صورتحال میں یونیورسٹیز کا مظاہرہ قابل ستائش رہا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ہمیشہ معیاری تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہیں۔ اسکول اور کالجس کے علاوہ ریسرچ کی سطح پر طلباء کیلئے بہتر رہنمائی کا اہتمام کیا جائے۔ اُنھوں نے طالبات میں تعلیم کے بڑھتے رجحان کو حوصلہ افزاء قرار دیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے وائس چانسلرس سے کہاکہ وہ موجودہ تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ چیف سکریٹری نے یونیورسٹیز کو ایکشن پلان تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے حکومت کی جانب سے عنقریب اقدامات کا تیقن دیا گیا۔ ر