تلنگانہ کی 10 اسمبلی نشستوں پر ضمنی چناؤ کا کوئی امکان نہیں : مہیش کمار گوڑ

   

بی آر ایس نے انحراف کی حوصلہ افزائی کی تھی، دسہرہ کے بعد کاماریڈی میں جلسہ عام
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں 10 اسمبلی نشستوں پر ضمنی چناؤ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے منحرف ارکان کی 10 نشستوں پر عنقریب ضمنی چناؤ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جس وقت بی آر ایس برسر اقتدار تھی اس نے انحراف کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انحراف کے مسئلہ پر بی آر ایس قائدین کو اظہار خیال کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ بی آر ایس نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کو شامل کیا تھا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسپیکر کی جانب سے دی گئی نوٹس پر ارکان اسمبلی نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے جواب داخل کردیا ہے۔ تمام 10 ارکان بی آر ایس میں برقرار ہیں اور ہر ماہ ان کی تنخواہ سے 5 ہزار روپے ممبرشپ فیس کے طور پر منتقل ہو رہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ تلنگانہ میں 10 نشستوں پر ضمنی چناؤ کا کوئی امکان نہیں رہے گا۔ بی سی طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات کے مسئلہ پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تحفظات کی فراہمی میں کانگریس پارٹی سنجیدہ ہے اور تحفظات کے بغیر مجالس مقامی کے انتخابات نہیں کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے تحفظات کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی ڈکلیریشن کے مطابق تعلیم اور روزگار کے علاوہ سیاست میں پسماندہ طبقات کو نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دسہرہ تہوار کے بعد کاماریڈی میں بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا جو بارش کے سبب 15 ستمبر کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ اسی دوران مہیش کمار گوڑ نے نکلس روڈ پر تلنگانہ بنجارہ بھارتی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اندرا گاندھی مجسمہ کے پاس درجہ فہرست اقوام اور قبائل کے تحفظات کے مسئلہ پر یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے کونڈا لکشمن باپو جی کو خراج پیش کیا۔ 1