تلنگانہ کی 10 سالہ لڑکی امریکہ میں کم عمر رائیٹر

   

اریزونا میں مقیم وی تھنوی نے کتاب میں لاک ڈاؤن کے دوران جذباتی افراتفری کا احاطہ کیا
حیدرآباد :۔ امریکہ میں شہر چینڈلر ، اریزونا میں رہنے والی ایک 10 سالہ لڑکی نے حال میں ایک کتاب شائع کی ہے جو نظموں کا ایک مجموعہ ہے ۔ یہ کم عمر رائٹر وی تھنوی کوئی اور نہیں بلکہ کریم نگر ڈیری ایڈوائزر وی ہنمنت ریڈی کی پوتی ہے ۔ تھنوی جو پانچویں جماعت کی طالبہ ہے اس کے والدین مہیندر جو ایک ہارڈویر انجینئر ہے اور دیپیکا ، سافٹ ویر انجینئر کے ساتھ رہتی ہے ۔ اس نے لاک ڈاؤن کی مدت کو اس کی تحریری صلاحیت اور اس میں مہارت پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا اور ’ فرم دی ان سائیڈ ۔ دی انرسول آف اے ینگ پوئیٹ ‘ کی اشاعت کے بعد امریکہ کی ایک کم عمر رائٹر بن گئیں ۔ اس کتاب کو سیراپیس بے پبلشنگ کی جانب سے شائع کیا گیا اور اس کتاب کی اجرائی 15 مارچ کو ہوئی اور اس کی زبردست پذیرائی ہوئی ۔ اس کتاب میں انسانی خیالات ، نظریات ، جذبات اور کورونا وبا کے باعث ہونے والی مشکلات کا احاطہ کیا گیا ۔ اس میں غم ، غصہ ، تکلیف اور تنہائی ، آزادی کے جذبات کی عکاسی کی گئی ہے ۔ اس کتاب میں نیچر ، شکر گذاری ، یادوں اور تعلقات سے ہماری محبت کی اہمیت کو اجاگرکیا گیا ہے ۔ اس کتاب کے الفاظ میں کہا گیا کہ ’ کوئی احساس یا جذبہ چھوٹا یا قابل نظر انداز نہیں ہوتا اور اس کا اظہار میرے اندر کی آواز ہے ‘ ۔ مطالعہ کی شوقین تھنوی نے ہری پائر سیریز میں اس کی دلچسپی کا اعتراف کیا جس کو اس نے بہت پڑھا ہے ۔ اس نے کہا کہ نظمیں لکھنے کا شوق نے اسے ایک رائٹر بنادیا ۔۔