تلنگانہ کی 10 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرس کے عنقریب تقررات

   

Ferty9 Clinic

پروفیسرس سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں، جاریہ ماہ کے اختتام تک 7 جائیدادیں مخلوعہ
حیدرآباد۔ /3جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پائی جانے والی دس یونیورسٹیوں کیلئے آئندہ چند یوم میں نئے وائس چانسلرس کے تقررات کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ اعلیٰ تعلیم و تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے عہدیدار ناموں کی فہرست مرتب کرکے منظوری کے حصول کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کرنے کیلئے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نلگنڈہ میں واقع مہاتما گاندھی یونیورسٹی وائس چانسلر کی میعاد گزشتہ ماہ 29 جون کو مکمل ہوگئی اور مزید سات یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی میعاد جاریہ ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں مکمل ہوجائے گی۔ جبکہ شاتاواہنا یونیورسٹی اور باسر میں واقع آر جی یو کے ٹی یونیورسٹی کیلئے کوئی وائس چانسلر کا تقرر بھی عمل میں نہیں لایا جاسکا تھا۔ علاوہ ازیں مانصاحب ٹینک میں واقع جے این اے ایف اے یو وائس چانسلر کیلئے آئندہ سال ماہ جنوری تک میعاد باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک بھی تقریباً سات وائس چانسلروں کی میعاد مکمل ہونے کے پیش نظر ان وائس چانسلروں کے عہدے مخلوعہ ہوجائیں گے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اہل پروفیسروں سے درخواستیں طلب کرنے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں۔ اور ان درخواستوں کی وصولی کے فوری بعد سرچ کمیٹی پر وائس چانسلر عہدے کیلئے تین ناموں پر مشتمل اپنی سفارش ریاستی حکومت کو پیش کرے گی

اور ان تین ناموں سے کسی ایک کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ یکم جولائی کو ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں اور وائس چانسلروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا تھا۔ اس اجلاس کے دوران گورنر نے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ شاید اس جاریہ ماہ کے بعد وائس چانسلرس کے تمام عہدے مخلوعہ ہوجائیں گے تو کن وائس چانسلروں کے ساتھ دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ تب بتایا جاتا ہے کہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے سکریٹری ریاستی محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اس بات کا واضح تیقن دیا تھا کہ بہت جلد نئے وائس چانسلروں کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ لہذا اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے نئے وائس چانسلروں کے انتخابی عمل کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری محکمہ تعلیم کے اظہار پر گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ ماہ اگسٹ کے پہلے ہفتہ میں نئے وائس چانسلروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ محض ریاستی گورنر کی تعلیمی شعبہ سے خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ریاستی حکومت نئے وائس چانسلروں کے تقرر میں کسی تاخیر کے بغیر ممکنہ حد تک جلد سے جلد نئے وائس چانسلروں کے تقرر کو یقینی بنانے کے عمل کا آغاز کیا ہے۔