گورنر کے کامن رکروٹمنٹ بورڈ تشکیل دینے بل صدر جمہوریہ سے رجوع کرنے پر مزید تاخیر ممکن
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست کی 11 یونیورسٹیز میں 2 ہزار سے زیادہ پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ فی الحال فوری ان جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع ہونے کے امکانات بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔ 7 ماہ قبل حکومت نے اسمبلی میں کامن رکروٹمنٹ بورڈ کو منظوری دی تھی جس کو گورنر نے لمبے عرصہ تک زیر التواء کیا۔ حکومت کے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد گورنر ٹی سوندرا راجن نے تین بلز کو منظوری دی، دو یا تین بلز حکومت کو لوٹادیئے اور دو بلز کو صدر جمہوریہ سے رجوع کردیا گیا، جس میں یونیورسٹیز میں تقررات کیلئے کامن رکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل کا بل بھی شامل ہے۔ جب تک صدر جمہوریہ کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں کیا جاتا تب تک ریاست کی یونیورسٹیز میں پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل شروع نہیں ہوگا۔ تلنگانہ کی 11 یونیورسٹیز میں 2 ہزار سے زیادہ پروفیسرس ، اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ کنٹراکٹ عملہ کی خدمات سے استفادہ کرکے تدریسی کام لیا جارہا ہے۔ سال 2017 میں جی او 34 جاری کرکے 1061 پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم ابھی تک تقررات نہیں ہوئے۔ پروفیسرس کے تقررات کیلئے یو جی سی نے سال 2018 میں چند رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ان رہنمایانہ خطوط کی روشنی میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے یونیورسٹیز کے قانون میں تبدیلی کرنے پر غور کیا ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات کیلئے کامن انٹرنس ٹسٹ کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کامن بورڈ کی تشکیل اس سلسلہ میں یونیورسٹیز کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے خصوصی بل کو اسمبلی میں منظوری دیتے ہوئے راج بھون کو روانہ کیا ہے۔ گورنر نے 7 ماہ تک اس بل کو زیر التواء رکھا اور اب انہیں صدر جمہوریہ سے رجوع کیا ہے۔ن
تمام پاسپورٹ سیوا کیندروں پر آج سرگرمیاں معطل
حیدرآباد 13 اپریل ( سیاست نیوز ) مجاز اتھاریٹی وزارت امور خارجہ نے ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ میں 14 اپریل کو تمام پاسپورٹ سیوا کیندروں میں سرگرمیوں کو معطل کیا جائے ۔ تمام درخواست گذاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کہ وہ اپنے اپانٹمنٹ کو ری شیڈول کرلیں۔ اس کیلئے پاسپورٹ سیوا پورٹل passportindia.gov.in پر لاگ ان کیا جاسکتا ہے ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا کے بموجب درخواست گذاروں کو خدمات معطلی کی اطلاع ایس ایم ایس اور ای میل سے دی جا رہی ہے ۔