حیدرآباد14جنوری(سیاست نیوز ) تلنگانہ کی 120بلدیات اور 9 کارپوریشنس کے انتخابات کے لئے نام واپس لینے کی آخری تاریخ منگل کو تین بجے دن ختم ہوگئی۔ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے ۔اس ماہ کی 22تاریخ کو رائے دہی ہوگی،25تاریخ کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔علاوہ ازیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کو دیئے جانے والے بی فارمس کی مہلت بھی آج سہ پہر تین بجے اختتام پذیر ہوگئی۔کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کروانے کے سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر تاخیر سے پرچہ نامزدگیاں وصول ہوئیں۔ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے لئے نام واپس لینے کی آخری تاریخ اس ماہ کی 16کو ختم ہوگی۔اس کارپوریشن کے لئے اس ماہ کی 25تاریخ کو رائے دہی اور 27کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مراکز رائے دہی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں مراکز رائے دہی کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے ۔