حکومت کی پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت، مختلف نان ٹیچنگ عہدوں پر تقررات
حیدرآباد۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے پی وی نرسمہاراؤ تلنگانہ ویٹرنری یونیورسٹی اور پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اگریکلچر یونیورسٹی میں تقررات کے سلسلہ میں معاشی طور پر پسماندہ طبقات (EWS) کیلئے 10 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ دونوں یونیورسٹیز میں اسسٹنٹس اور ٹائپسٹس کی 127 جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔ سکریٹری پبلک سرویس کمیشن وانی پرساد نے بتایا کہ کمیشن کو حکومت کی جانب سے احکامات اور رہنمایانہ خطوط حاصل ہوئے ہیں جس کے تحت معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو تحفظات کی فراہمی کے روسٹر پوائنٹس کا تعین کیا گیا۔ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی یا معذورین کی طرح بعض عہدوں کو EWS کوٹہ کے تحت مختص کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جاریہ سال فروری میں تلنگانہ حکومت نے تعلیمی اداروں اور سرکاری جائیدادوں پر تقررات کیلئے 10 فیصد EWS تحفظات کا اعلان کیا تھا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے 31 مارچ کو دونوں یونیورسٹیز میں تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ ویٹرنری یونیورسٹی میں اسسٹنٹ کم جونیر اسسٹنٹ اور ٹائپسٹ کی جائیدادیں جبکہ اگریکلچر یونیورسٹی میں جونیر اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ کی جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ 127 جائیدادوں میں 102 جونیر اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ کے عہدوں کیلئے ہیں جن کا تعلق اگریکلچر یونیورسٹی سے ہے۔ آن لائن درخواست فارم 19 اپریل سے دستیاب رہے گا جبکہ 20 مئی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔