تلنگانہ کی 3135 کیلو میٹر شاہراہیں قومی شاہراہوں میں تبدیل

   

مرکزی وزارت شاہراہیں و ٹرانسپورٹ کا اصولی اتفاق
حیدرآباد ۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اب تک جملہ 3135 کیلو میٹر طویل شاہراہوں کو مرکزی وزارت شاہراہیں اور ٹرانسپورٹ وزارت نے اصولی طور پر قومی شاہراہوں میں تبدیلی کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ وزارت عمارات و شوارع تلنگانہ وی پرشانت ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ان میں 1,366 کیلو میٹر طویل شاہراہوں کو نئی قومی شاہراہوں کی حیثیت سے مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے۔ ماباقی 1769 کیلو میٹر طویل قومی شاہراہوں کی حیثیت سے اعلان کرنا باقی ہے۔ وزیر نے مزید بتایا کہ ریاست میں پوچارم، سری رام ساگر کریم نگر، کودنڈاپور کے ساتھ ساتھ تمام ذخائر آب کے پاس سیاحتی مراکز کا قیام عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات بھی دی جاچکی ہیں۔ اسی دوران وزیرسیاحت و آبکاری مسٹر سرینواس گوڑ نے بتایا کہ ناگارجنا ساگر سوماشیلا و دیگر علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو بڑے پیمانہ پر فروغ دینے کیلئے ’’ٹورازم سرکیوٹس‘‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور ان مقامات کا دورہ کرنے والے سیاحوں کو تمام تر سہولتیں فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاستی ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ 35 ہوٹلس چلائے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں ریاست کے مختلف مقامات پر ہوٹلوں کا قیام عمل میں لانے اور سیاحوں کو بہتر سے بہتر غذائی اشیاء کی فراہمی کے مقصد سے محکمہ سیاحت کی بعض اراضیات کو لیز پر دینے کے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بہرصورت ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔