ریاستی حکومت کی مجرمانہ غفلت سے ماہانہ اسکیم ، چھ ماہی اسکیم میں تبدیل ہوگئی۔ چیف منسٹر کو توجہ دلانے سے قائدین کا گریز
حیدرآباد 24 مارچ : ( سیاست نیوز) : ماہ مقدس رمضان کا آغاز ہوگیا ہے ۔ مسلمان بڑی عقیدت سے عبادتوں میں مصروف ہوگئے ہیں اور بازاروں میں رونقیں لوٹ آئی ہیں ۔ مگر ریاست کے آئمہ و موذنین مسائل سے دوچار ہیں ۔ گذشتہ 5 ماہ سے ان کے اعزازی بقایا جات جاری نہیں کئے گئے ہیں جس سے آئمہ موذنین کافی پریشان ہیں ۔ حکومت کا یہ رویہ تکلیف دہ ہے ۔ ہر ماہ پابندی سے اعزازیہ جاری کرنے کی بجائے اس کو زیر التواء رکھتے ہوئے انہیں مسائل سے دوچار کیا جارہا ہے ۔ اس معاملے میں ماہ جنوری میںبھی حکومت کو توجہ دلائی گئی تھی مگر ابھی تک کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے ۔ حکومت کی مجرمانہ غفلت سے مسلمانوں میں مایوسی و ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ ریاست میں تقریبا 10 ہزار آئمہ موذنین میں ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ فراہم کرنے کا تلنگانہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس اسکیم کے آغاز پر بی آر ایس کے اقلیتی قائدین نے چیف منسٹر کے سی آر کو مسیحا تک کہہ دیا تھا ۔ اسکیم ماہانہ ہے لیکن سال میں صرف دو مرتبہ اعزازیہ جاری کیا جارہا ہے جس سے آئمہ موذنین پریشان ہیں مگر بی آر ایس کے کسی اقلیتی قائد نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے اس جانب توجہ دلانے کی کوشش نہیں کی ہے ۔ وہ ایسا کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ جب اخبارات میں آئمہ موذنین کے اعزازیہ کی خبر شائع ہوتی ہے یا ماہ رمضان آتا ہے تو دوڑ دھوپ کی جاتی ہے ۔ اس کے بعد اس مسئلہ کو فراموش کردیا جاتا ہے ۔ بے چارے آئمہ موذنین صرف صبر کرتے ہوئے اعزازیہ کی اجرائی کا انتظار کرتے ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور نہ ہی کوئی ٹھوس انداز میں اس کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ گذشتہ سال بھی اس مسئلہ پر روزنامہ سیاست میں خبر شائع ہونے کے بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر فینانس ہریش راؤ سے ملاقات کرکے ماہ رمضان کا حوالہ دیتے ہوئے چند ماہ کے بقایا جات کو جاری کرایا تھا ۔ اس کے بعد صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں نے پابندی سے ہر ماہ اعزازیہ جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ مگر یہ وعدہ بھی کان خوش کرنے والا ثابت ہوا ہے ۔ تعجب ہے حکومت 10 ہزار ائمہ و موذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے کی اجرائی کے معاملے میں ٹال مٹول کررہی ہے ۔ نومبر سے مارچ تک بقایہ جات ہیں حکومت فوری ردعمل کا اظہار کرے ۔ آئمہ و موذنین کے لیے فوری تمام بقایا جات ایک ساتھ جاری کریں ۔ مزید کوئی بقایات نہ رکھیں ۔۔ ن