حیدرآباد۔2؍جنوری ( یواین آئی ) حیدرآباد اور بعض حصوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے ۔ جمعرات کی صبح اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی اور بھاری کہر بھی دیکھی گئی۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کیمپس میں اقل ترین درجہ حرارت 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ آصف آباد ضلع کے سرپور میں درجہ حرارت 7.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جیسے جیسے درجہ حرارت میں کمی ہورہی ہے ، کہر کی گھنی چادرسڑکوں پرنظرآرہی ہے ۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے موسمی اعداد و شمار کی بنیاد پر، حیدرآباد کے متعدد علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت گر کر 15 ڈگری سے کم ہو گیا ہے ۔ مولا علی میں اقل ترین درجہ حرارت 12.1 ڈگری ہوگیا جبکہ راجندر نگر میں درجہ حرارت 12.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔