حیدرآباد:/3 دسمبر(یواین آئی)محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے آج صبح تلنگانہ کے ضلع آصف آباد کے سرپور فاریسٹ رینج کے تحت اٹیکالاپہاڑگاؤں کے قریب شیر کے پنجوں کے نشان دیکھے ۔ رینج آفیسر اقبال حسین نے بتایا کہ شیر گاؤں کے قریب جنگلاتی علاقے میں ہے ۔انہوں نے مقامی افراد کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیدارمختلف دیہاتوں میں بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام منعقد کر رہے ہیں جہاں شیر کی نقل وحرکت دیکھی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں مقامی افراد کو چوکس کیاجارہا ہے ۔ آصف آباد رینج آفیسر گووند سنگھ سردار اور ڈپٹی آفیسر یوگیش نے دانا پور میں منعقدہ بیداری پروگرام میں شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر نیرج کمار نے بتایا کہ رات کے وقت بھی خصوصی گشت کی جارہی ہے ۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ رات کے وقت آس پاس کے جنگلاتی علاقوں میں کھیتوں میں نہ ٹھہریں۔