تلنگانہ کے اخبارات میں اشتہارات انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں

   

حکومت کی کارکردگی کی تفصیلات ، ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار کی وضاحت
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار نے تلنگانہ کے اخبارات میں شائع کردہ اشتہارات کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کی اجرائی اور اشاعت انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کرناٹک حکومت کو تلنگانہ کے اخبارات میں اشتہارات کی اجرائی پر روک لگانے کے بعد ڈی کے شیو کمار نے الیکشن کمیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔ اشتہارات کے ذریعہ ووٹ مانگنے کی کوئی اپیل نہیں کی گئی۔ اشتہارات خالص کرناٹک حکومت کی 5 ضمانتوں پر عمل آوری سے متعلق ہیں۔ شیو کمار نے کہا کہ ہم نے کرناٹک کے علاوہ کئی ریاستوں کے اخبارات میں اشتہارات جاری کئے جس میں حکومت کی کارکردگی بیان کی گئی۔ کرناٹک، ٹاملناڈو اور تلنگانہ میں اشتہارات دیئے گئے اور اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اس وقت ہوتی ہے جب ووٹ کی اپیل کی جائے لیکن کرناٹک حکومت کے اشتہارات میں کانگریس امیدواروں کیلئے ووٹ کی کوئی اپیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں کیلئے یہ معمول کا عمل ہے کہ اخبارات اور میگزینس میں کارکردگی سے متعلق اشتہارات دیئے جاتے ہیں اور کرناٹک حکومت نے بھی یہی کیا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اشتہارات پر روک لگاتے ہوئے کرناٹک حکومت سے وضاحت طلب کی۔ چیف سکریٹری کرناٹک کو جواب داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔