بعض اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری ، صورتحال سے نمٹنے چوکسی
حیدرآباد۔22 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے 22 اضلاع کے لئے آئندہ 3یوم کے دوران زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے ہلکی ‘ تیز اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا ہے کہ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے طوفان کے نتیجہ میں تلنگانہ کے 22 اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اوڈیشہ اور آندھراپردیش کے علاقوں میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں22 تا 30 اکٹوبر کے دوران کئی مقامات پر بارش ہوسکتی ہے اور آئندہ تین یوم کے دوران موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہاہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ تلنگانہ کے جن اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ہے ان اضلاع میں 30 تا40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد‘ میڑچل ‘ ملکا جگری ‘ وقار آباد‘ ہنمکنڈہ ‘ ورنگل ‘ محبوب آباد‘ جنگاؤں ‘ سدی پیٹ‘ یدادری بھونگیری ‘ رنگاریڈی ‘ ونپرتی ‘ ناگرکرنول ‘ محبوب نگر‘ کاماریڈی ‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ نارائن پیٹ ‘ جوگولامبا ‘ گدوال‘ کھمم ‘ بھدادری ‘ کتہ گوڑم‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ اور محبوب آباد کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کے امکانات پائے جارہے ہیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد بالخصوص مضافاتی و نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ دونوں شہروں میں آج صبح سے ہی مطلع ابرآلود رہا اور شہر کے بعض علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی کے بعد ریاست کے مختلف بلدیات اور محکمہ مال کی جانب سے بیشتر علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عملہ کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور خلیج بنگال کے طوفان کے سبب ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔3