تلنگانہ کے اضلاع میں آج بارش کا امکان

   

Ferty9 Clinic

دونوں شہروں کے موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں
حیدرآباد۔17۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ کے 7اضلاع میں محکمہ موسمیات کی جانب سے 18 جون کو شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیاگیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جن اضلاع کے لئے الرٹ جاری کیاگیا ہے ان مقامات پر موسلادھار بارش کے امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع ملوگو‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ بھدادری کتہ گوڑم‘ نلگنڈہ ‘ کھمم‘ سوریہ پیٹ اور محبوب آباد میں 18جون بروز چہارشنبہ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے کہ جبکہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی کے آثار نہیں ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خوشگوار رہے گا اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے ۔ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس سے 34 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ دونو ںشہروں میں تیز ہواؤں کے بھی امکانات جاری کئے گئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ دونوں شہرو ںمیں گذشتہ شب کے دوران بھی بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کا نام و نشان نہیں تھا لیکن موسم میں ٹھنڈک پیدا ہونے اور سرد ہوائیں چلنے کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا تھا ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہے اور توقع کے مطابق بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔3